جونپور، 6/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یوپی کے جون پور میں کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی اچھے دن والی پکچر ختم ہو گئی ہے،اب وہ دیکھنے کو نہیں ملے گی۔انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کام کرتے ہیں اور نریندر مودی اس کا فائدہ ان 50خاندانوں کو دے دیتے ہیں، ہم اس کا فائدہ آپ کو دیں گے۔راہل نے وزیر اعظم مودی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ہم نوجوانوں کی حکومت لائیں گے، مودی جی کی عمر ہو گئی ہے، وہ بزرگ ہو گئے ہیں، یا کہیں کہ اب ان کی ایج ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی سب کچھ خود کرتے ہیں، اسرو نے راکٹ بھیجا،تو وہ کہتے ہیں کہ میں نے کیا، امریکہ جاکر اوباما سے گلے ملتے ہیں اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے کہتے ہیں کہ آپ کی ضرورت نہیں ہے،تم یہاں بیٹھو میں امریکہ جا رہا ہوں، وہ راج ناتھ اور لال کرشن اڈوانی کو ہٹا کر خود ہی کام کر رہے ہیں۔بنارس میں وزیر اعظم کی تشہیر ی مہم کو لے کر راہل نے کہا کہ بنارس میں مودی جی کی تصویر کا بار بار ری ٹیک ہو رہا ہے، سات دن میں وزیر اعظم مودی چار بار ری ٹیک کر چکے ہیں مگر بات نہیں بن رہی ہے، دو دن پہلے روڈ شو ہوا، اس سے بات نہیں بنی، پھر کل روڈ شو ہوا، اس سے بھی بات نہیں بنی، آج سن رہے ہیں کہ مودی جی پیدل جا رہے ہیں، گائے کو چارہ کھلا رہے ہیں، اگر بنارس سے کئے وعدوں کو پورا کر دیا ہوتا تو اتنے روڈ شو نہیں کرنے پڑتے۔